منگلورو:21؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) پڑوسی ریاست کیرلا میں پھیل رہے کورونا وائرس کے نئے ذیلی ویرنٹ جے این -1کے متعلق دکشن کنڑا ضلع میں پیشگی اقدامات کئے گئےہیں۔ ضلع کی سرحدوں پر جانچ کے لئے 5چک پوسٹوں پر عملہ کو تعینات کئے جانےکی ضلع صحت عامہ اور خاندانی فلاح وبہبودی کے افسر ڈاکٹر ایچ آر تمیا نے جانکاری دی ۔
وہ یہاں اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دکشن کنڑا ضلع میں ابھی تک نئے ذیلی ویرنٹ جے این-1 کے پازٹیو کیس کا پتہ نہیں چلا ہے۔ ضلع کے سرحدی علاقے تلپاڑی ، سارڈکا، سورگ(پاناجے)، سلیا پدو، جالسور نامی پانچ مقامات پر چک پوسٹوں کا قیام عمل میں آیا ہے۔ ابھی تک کوئی بھی پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں۔ ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹیشنوں پر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کی جانے کی بات کہی۔
انہوں نے بتایا کہ کیرلا میں ابھی تک جے این-1 کے کل 27کیسوں کا پتہ چلاہے ، جن میں سے 2صحت یاب ہوئے ہیں تو بقیہ 25افراد ہوم آئسو لیشن میں ہونے کی جانکاری کیرلا ریاست کے محکمہ صحت عامہ سے ملی ہے۔ ضلع کے سبھی تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کو سرکلر کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ کیرلا سے آنے والے طلبا میں سے کسی کو سردی، کھانسی ، بخارکی علامتیں پائی جاتی ہیں تو ایسے طلبا کی فوری جانچ کی جائے۔ اسی طرح ضلع میں روزانہ 100ریاپڈ ٹسٹ، 221آرٹی پی سی آر ٹسٹ سمیت کل 321افراد کی جانچ کرنےکا ہدف طئے کیاگیا ہے۔ 100کٹ تعلقہ اسپتالوں کو روانہ کیاگیا ہے۔
ریاست کیرلا کے عوام اپنے روزمرہ کاموں اور صحت کی خدمات کے لئے منگلورو شہر پر انحصار کرتےہیں ۔ اس کو دیکھتے ہوئے ضلع صحت عامہ کا محکمہ اس کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ حکومت کے اعلیٰ افسران نے منگل کو ودیو کانفرنس کے ذریعے ضروری و مفید مشورےوتجاویز دئیے ہیں۔ضلع کے اسپتالوں میں فی الحال 10986بیڈ ، 1376آکسیجن کی سہولت والے بیڈ، 722آئی سی یو بیڈاور 336وینٹی لیٹر بیڈ دستیاب ہونے کی جانکاری دی۔ ڈی ایچ اؤ نے بتایا کہ متعلقہ وائر س کو لےکر ضلع ڈی سی اور ضلع پنچایت سی ای اؤ کی قیادت میں بدھ کو بھی ضلعی افسران کی میٹنگ منعقد ہوچکی ہے جس میں ضروری تیاریوں کے متعلق غور وخوض کئے جانے کی بات کہی۔